Justuju Tv جستجو ٹی وی


کلیات منیف اشعر - رہروان رہگزار غزل خوش آمدید

Saturday, May 9, 2009

تلاشِ عشق میں رہرو اگر بھٹکا نہیں ہے






تلاشِ عشق میں رہرو اگر بھٹکا نہیں ہے

تو منزل کا نشاں گویا کہ گم گشتہ نہیں ہے


محبّت کی یہ نیرنگی مری تقدیر کیوں ہے

جسے میں زندگی سمجھا وہی میرا نہیں ہے


جو رستہ دور لے جاتا مجھے تیرے جنوں سے

سرِ کون و مکاں ایسا کوئی رستہ نہیں ہے


کہاں شوقِ وصالِ یار کا منکر ہےکوئی

کوئی لےآتا ہے لب پر کوئی کہتا نہیں ہے


سماعت میری کہتی ہے بسا اوقات مجھ سے

کسی بے مہر کا ہوگا ترا لہجہ نہیں ہے


سرِ بازارِ دنیا ٹھوک کر دیکھا ہے میں نے

مرے سرمائے کا سکّہ کوئی کھوٹا نہیں ہے


بہت ہے جھوٹ کی بھرمار دنیا میں سو دیکھو

بلا کا جھوٹ دنیا میں کوئی سچّا نہیں ہے


زمانہِ بھر کی آلائش پہ کیا انگلی اُٹھائیں

ہمارے دیس کا ماحول جب ستھرا نہیں ہے


دعا میں زندگی کی اس لیےکرتا ہوں اشعؔر

بھروسہ بے وفا پر ایک ساعت کا نہیں ہے


No comments:

Design & Content Managers

Design & Content Managers
Click for More Justuju Projects