Justuju Tv جستجو ٹی وی


کلیات منیف اشعر - رہروان رہگزار غزل خوش آمدید

Saturday, May 9, 2009

اگر وہ میری محبّت کے ہاتھ آجائے






اگر وہ میری محبّت کے ہاتھ آجائے

لبوں پہ میرے بھِی جینے کی بات آجائے


نہ جس نے دیکھا سویرا نہ روشنی اب تک

بلا سے اس کی اگر پھر سے رات آجائے


جسے عزیز ہے آرام، چین سے بیٹھے

جسے پسینہ بہانا ہے ساتھ آجائے


بہا کے اشک جہاں بھر کو جیت لیتا ہے

جسے بھی راس یہ اشکوں کی گھات آجائے


ہے بدزبانی سے اچھا کہ بے زبان رہو

زباں کو کھولنا، کرنا جو بات آجائے


اجل کا خوف ہے جس کو، وہ گھر میں بیٹھا رہے

جو زندگی کو کہے بے ثبات، آجائے


یقیں یہی تھا کہ جیتوں گا میں مگر اشعؔر

علاج کیا جو مقدّر میں مات آجائے


No comments:

Design & Content Managers

Design & Content Managers
Click for More Justuju Projects