Justuju Tv جستجو ٹی وی


کلیات منیف اشعر - رہروان رہگزار غزل خوش آمدید

Friday, May 8, 2009

سبھی کو ہونا ہے اک دن یہیں سے وابستہ







سبھی کو ہونا ہے اک دن یہیں سے وابستہ

وہ کون ہے جو نہ ہوگا زمیں سے وابستہ


سوال آئیں نہ آئیں لبوں پہ دل سے مگر

جواب اُس کا رہے گا نہیں سے وابستہ


قبولیت کا شرف تو اُسی کا حصّہ ہے

جو سجدہ ہوتا ہے دل کی جبیں سے وابستہ


وہ جس کا دل نہیں روتا حسین تیرے لیے

رہے گا وہ بھی یزیدِ لعیں سے وابستہ


یہی تو دھڑکنیں میٹھے سُروں میں کہتی ہیں

وہ شخص ہے رگِ جاں میں کہیں سے وابستہ


کہوں میں کیسے وہ انساں ہے اور زندہ ہے

نہیں ہے جو بھی کسی دل نشیں سے وابستہ


ہے جیت جانے میں تیری خوشی تو اے جاناں

میں خوش رہوں گا شکستِ حزیں سےوابستہ


تو کیا یہ کافی ہے سر کو اُٹھا کے چلنے میں

ہمارا ماضی ہے فتحِ مبیں سے وابستہ


ہمارے دل میں تو آقاؐ کی رحمتوں کے طفیل

نجات کی ہیں امّیدیں یقیں سے وابستہ


بیان کیا کرے کوئی بھی اس نظر کا فسوں

رہےجو چشمِ غزالِ حسیں سے وابستہ


چلو کہ ہم نے وطن سے وفا نہ کی اشعؔر

وہ سرزمین تو ہوتی مکیں سے وابستہ


No comments:

Design & Content Managers

Design & Content Managers
Click for More Justuju Projects