Justuju Tv جستجو ٹی وی


کلیات منیف اشعر - رہروان رہگزار غزل خوش آمدید

Friday, May 8, 2009

تلخ لگتی ہیں زہر سی باتیں










تلخ لگتی ہیں زہر سی باتیں

ایک حد سے گری ہوئی باتیں


ان سے جس وقت گفتگو ہوگی

دیں گی احساسِ نغمگی باتیں


سُن رکھا تھا کہ پھول جھڑتے ہیں

ہو رہی تھیں جلی کٹی باتیں


ایسی لگتی ہیں تیرے ہونٹوں پر

جیسے گلدان میں سجی باتیں


ان لبوں سے نکل کے رکھتی ہیں

اک قیامت کی دلکشی باتیں


لب پہ دونوں کے کچھ نہ آیا مگر

ہوگئیں کتنی اَن کہی باتیں


اہلِ کینہ کدورتیں رکھ کر

کرتے ہیں کیا ہنسی خوشی باتیں


خامشی موت کی علامت ہے

گویا دیتی ہیں زندگی باتیں


ہم بھی انسان ہیں ترے جیسے

ہوگئی ہوں گی دو رُخی باتیں


اُن کی سیرت کا ذکر جب بھی ہوا

کر گئیں گھر میں روشنی باتیں


کس قدر ہوتی ہیں عمیق نہ پوچھ

وہ جو کرتا ہے سرسری باتیں


ہوش میں کیا رہیں بھلا اشعؔر

سحر کردیتی ہیں تری باتیں


No comments:

Design & Content Managers

Design & Content Managers
Click for More Justuju Projects