Justuju Tv جستجو ٹی وی


کلیات منیف اشعر - رہروان رہگزار غزل خوش آمدید

Friday, May 8, 2009

کسی کے دل میں لکھا حَرفِ آرزو بھی نہیں







کسی کے دل میں لکھا حَرفِ آرزو بھی نہیں

میں ایک لمحہء رفتہ کی آبرو بھی نہیں


ہے آئینے کی طرح عکسِ آئینہ خاموش

وہ شخص آج تو مائل بہ گفتگو بھی نہیں


جب اس سے رشتہ نہ رکھا تو پھر یہ غم کیسا

کہ اس کے دل میں تری کوئی جستجو بھی نہیں


سراب ہے کہ نہیں وہ، پتا نہیں لیکن

بجھا دے پیاس جو میری وہ آبِ جُو بھی نہیں


ٹھہر تو جانا پڑے گا مجھے کہ منزل سے

نظر چرائے گزر جانا میری خُو بھی نہیں


یہ میرا حُسنِ نظر ہے کہ اس کا سحرِ جمال

وہی نظر میں بسا ہے جو رُو بہ رُو بھی نہیں


یہ مانا ہم تو بہت مضطرب رہے شب بھر

پہ جس نے چین سے کاٹی وہ شخص تُو بھی نہیں


یہ کیسا ظلم ہے گُل چیں کا دیکھیے اشعؔر

ہمارے واسطہِ گلشن میں رنگ و بوُ بھی نہیں


No comments:

Design & Content Managers

Design & Content Managers
Click for More Justuju Projects