Justuju Tv جستجو ٹی وی


کلیات منیف اشعر - رہروان رہگزار غزل خوش آمدید

Tuesday, May 5, 2009

ہمیں نفرت ہے کچھ لوگوں کی خوئے دورُخی سے




ہمیں نفرت ہے کچھ لوگوں کی خوئے دورُخی سے
وگرنہ کون کتراتا ہے یارو دوستی سے


تری خواہش کو نتھی کرلیا ہے زندگی سے

سو میری ہر خوشی ہے منسلک تیری خوشی سے


مری اس بات کو مت جوڑ دیجو شاعری سے

اجل کا مرحلہ آساں ہے تیری برہمی سے


دیا کوئی بھی گر جیتا نہ ہوتاتیرگی سے

تو پھر کیا دشمنی ہوتی کسی کو روشنی سے


فریبِ وعدۂ پیہم سے یوں لگتا ہے گویا

مسرّت پارہے ہوتم ہماری بے کلی سے


یہ مت سوچوہمارا کیا زیاں ہے یہ بتا دو

تمہیں کیا فائدہ ہوگا ہماری بے خودی سے


ہمیں جب سے ملا ہے آئینہ اک اپنے اندر

ہمارا واسطہ رہنے لگا خود آگہی سے


بہت ممکن ہے تم بھی تاجور ہوجاؤ اک دن

اگر خوش ہوگیا کوئی تمہاری بندگی سے


علی الاعلان کیوں کہتے تمہیں ہرجائی اشعؔر

اگر ڈرتے تمہارے دوستوں کی دشمنی سے


No comments:

Design & Content Managers

Design & Content Managers
Click for More Justuju Projects