Justuju Tv جستجو ٹی وی


کلیات منیف اشعر - رہروان رہگزار غزل خوش آمدید

Tuesday, April 28, 2009

کبھی کبھی تو وہ کیسا کمال کرتے ہیں




کبھی کبھی تو وہ کیسا کمال کرتے ہیں

حدِ خیال سے بڑھ کر خیال کرتے ہیں


سکوں سے گزریں گے شاید اُنہی کے دن اکثر

جو اپنی راتوں کو نذرِ ملال کرتے ہیں


کہاں سے لائیں خیالِ طرب غزل کے لیے

ہمیں کہاں وہ کچھ ایسا نہال کرتے ہیں


دوبارہ کب کوئی خواہش لبوں پہ آئی مرے

وہ کیوں سزائیں مُکرّر بحال کرتے ہیں


ادائیں جن کی سکھاتی ہیں سرکشی ہم کو

وہی تو وحشتِ دل پائمال کرتے ہیں


ستم کے باب میں ان کی مثال کوئی نہیں

عنایتیں بھی مگر بے مثال کرتے ہیں


کبھی ہنساتے ہیں بے حد کبھی رلائیں بہت

وہ جینا مرنا ہمارا محال کرتے ہیں


لگاتے رہتے ہیں زخموں پہ بارہا نشتر

مگر وہ ایسا پئے اندمال کرتے ہیں


جواب حضرتِ ناصح کو کیا ملے اشعؔر

مرے جنوں سے خرد کے سوال کرتے ہیں


No comments:

Design & Content Managers

Design & Content Managers
Click for More Justuju Projects