Justuju Tv جستجو ٹی وی


کلیات منیف اشعر - رہروان رہگزار غزل خوش آمدید

Monday, April 27, 2009

سارے طوفانوں نے سمجھا ہے کسی قابل مجھے





سارے طوفانوں نے سمجھا ہے کسی قابل مجھے

اس لیے دیتا نہیں ہے کوئی بھی ساحل مجھے


خواہشِ منزل بھی رکھتا ہوں مگر فی الحال تو

کیسا دلکش لگ رہا ہے جادۂ منزل مجھے


مانگ کر ہمدردیاں اغیار سے اپنے لیے

کررہے ہیں دوست میرے بھیک کا قائل مجھے


اس طرح سے بانٹ لیتا ہے مرے ہر درد کو

ہر خوشی میں اپنی کرلیتا ہے وہ شامل مجھے


عالمِ غربت میں بھی دل تو مرا مفلس نہیں

اور دلِ مفلس نہیں تو کیا نہیں حاصل مجھے


اس قدر تو علم رکھتا ہوں کہ میں عالم نہیں

لوگ کہتے ہیں تو کہنے دیجیے جاہل مجھے


پھینک جاتی ہیں سرِ ساحل مجھے کیوں بار بار

کیوں سمجھ لیتی ہیں موجیں رحم کے قابل مجھے


تم نہیں آتے اگر جاناں تو اتنا جان لو

دشت صورت پائے گا ہنگامۂ محفل مجھے


مرگیا ہوتا میں اب تک بالیقیں اشعؔر مگر

دیتا رہتا ہے دعائیں بھی مرا قاتل مجھے


No comments:

Design & Content Managers

Design & Content Managers
Click for More Justuju Projects