Justuju Tv جستجو ٹی وی


کلیات منیف اشعر - رہروان رہگزار غزل خوش آمدید

Monday, April 27, 2009

اہلِ جنوں کا ایک زمانہ بے حد مشکل تھا





اہلِ جنوں کا ایک زمانہ بے حد مشکل تھا

سچ کو لکھ دینا افسانہ بے حد مشکل تھا


گھر کے سب شیشوں پر میں نے پردے ڈال دیے

خود کو آئینہ دکھلانا بے حد مشکل تھا


یوں تو مسائل کا حل میں نے اکثر ڈھونڈ لیا

لیکن ہر گتھی سلجھانا بے حد مشکل تھا


اس میں ایک دشمن بھی چھپا تھا لیکن کیا کرتے

یار کا وہ چہرہ انجانا بے حد مشکل تھا


وہ افکارِ برہنہ کیوں لے آتے ہو جن کو

لفظوں کے کپڑے پہنانا بے حد مشکل تھا


جس کی پلکیں رستہ دینا قتلِ انا سمجھیں

اس کے گھر سیلاب کا آنا بے حد مشکل تھا


تیری یادیں وصل کا دھوکہ دیتی رہیں ورنہ

فرقت کی صدیوں سے نبھانا بے حد مشکل تھا


اپنی خوشی سے کون بھلا مرجاتا ہے لیکن

جیسے جی تو اس کو بھلانا بے حدمشکل تھا


عشق میں پاگل ہوجاتے ہیں اچھے خاصے لوگ

بات یہ ناصح کو سمجھانا بے حدمشکل تھا


جس کو ساحل پر ہی سمندر خوف زدہ کردے

اس کو لہروں تک لے جانا بے حد مشکل تھا


ہر الزام اُسی پر دھرنا آساں تھا اشعؔر

لیکن پھر اپنے کو بچانا بے حد مشکل تھا


No comments:

Design & Content Managers

Design & Content Managers
Click for More Justuju Projects