Justuju Tv جستجو ٹی وی


کلیات منیف اشعر - رہروان رہگزار غزل خوش آمدید

Saturday, May 9, 2009

جو آگئے ہیں دوبارہ وہ پیار کے موسم







جو آگئے ہیں دوبارہ وہ پیار کے موسم

تو کیوں نہ آئیں پلٹ کر بہار کے موسم


نگاہِ شوق پہ میری وہ یوں لجائے کہ بس

جمال دے گئے ان کو نکھار کے موسم


ہر ایک رت میں وہ بس جیتنے کا عادی ہے

جتا گئے ہیں مجھے میری ہار کے موسم


گمانِ برہمی ء زلف تھا مجھے بھی حضور

سو لے کے آیا ہوں دیکھو سنوار کے موسم


گُمانِ ضبط بہت تھا مجھے مگر پھر بھی

رلا گئے ہیں کسی اشکبار کے موسم


بیاں تو حسنِ ادائے خرام یوں بھی ہوا

چلے ہیں دیکھو وہ سرو و چنار کے موسم


اُمّیدِ وصل کی خوشبو اگر نہ ہو ان میں

تو کون کاٹ سکے انتظار کے موسم


مرے یقیں کا سفینہ ابھی سلامت ہے

چھُٹے کہاں ہیں ابھی اعتبار کے موسم


یہ اور بات کہ رسوائیوں کا خوف بھی ہے

بلا رہے ہیں مگر کوئے یار کے موسم


میں ہاں میں ہاں نہ ملاؤں تو کیا کروں اشعؔر

برت چکا ہوں کئی خلفشار کے موسم


No comments:

Design & Content Managers

Design & Content Managers
Click for More Justuju Projects