Justuju Tv جستجو ٹی وی


کلیات منیف اشعر - رہروان رہگزار غزل خوش آمدید

Sunday, April 26, 2009

حمد باری تعالیٰ - رہگزار غزل



حمدِ باری تعالیٰ





میں اور بھلا کیا کہوں کیا نذرِ خُدا ہے

کچھ اشکِ ندامت کے سوا رکھا ہی کیا ہے


صد شکر کہ یہ بھی مرے مولیٰ کی عطا ہے

راضی ہوں اُسی پر جو مرے رب کی رضا ہے


سچ پوچھو تو ہر شے سے غنی کردیا اُس نے

منگتا ہوں سو پھر بھی مرے ہونٹوں پہ دعا ہے


رسوائی کے امکاں نہ رہے کم کبھی لیکن

مجھ پر مرے ستّار کا سایہ بھی رہا ہے


شیطان کئی وہم بھی لاتا ہے پہ مجھ سے

ہر ذرّۂ دنیا نے کہا ہے کہ خدا ہے


حکمت ہے کہ جنّت کی بشارت نہیں سب کو

ڈر رہتا ہے قسمت میں سزا ہے کہ جزا ہے


ہر در پہ ہمیں سر کو جھکانا نہیں پڑتا

ایقان مُیسّر ہے کہ بس ایک خدا ہے


اُمّید ہے ایمان پہ ہی خاتمہ ہوگا

اللہ کا اب تک بڑا احسان رہا ہے


دُکھ تیرا بڑا ہے مگر اشعؔر یہ ذرا دیکھ

جو صبر کا احسان ہے وہ کتنا بڑا ہے


No comments:

Design & Content Managers

Design & Content Managers
Click for More Justuju Projects