Justuju Tv جستجو ٹی وی


کلیات منیف اشعر - رہروان رہگزار غزل خوش آمدید

Monday, April 27, 2009

دلوں میں رہتا ہے برسوں وہ خوش نگارِغزل




دلوں میں رہتا ہے برسوں وہ خوش نگارِغزل

لہو جو کرتا ہے دل کوپئے بہارِغزل


یہ فخر تجھ کو بھی ہوگا کہ اپنی جاں کی طرح

عزیز رکھتا ہوں میں بھی تجھے وقارِ غزل


عطا ہوا ہے کچھ ایسا مجھے شعورِ سُخن

کہ مجھ سے ہوگئی منسوب رہگزار ِغزل


اگر یہ خود پہ ہےنازاں تو ہم بھی دیکھیں ذرا

سخن وروں سے جدا ہوکے دن گزارے غزل


الم سے ہوتی ہے منظوم جو فراق کی رُت

اُسی کو کہتا ہے مُورکھ جہاں بہارِ غزل


رہے گا یونہی مُنوّرسدا،یقیں ہے مجھے

سُخن شناس نگاہوں میں اعتبار غزل


مرے سُخن سے جو ہوتی ہے درد کی بارش

اُسی کو دہر نے سمجھا ہے آبشارِ غزل


بہ شکلِ آہ و فغاں دردِ دل فریب وفا

اُٹھائے پھرتا ہوں میں دل پہ تجھ کو بارِ غزل


نہ تاکہ جھوٹی تسلّی کے اور زخم لگیں

چھپائے رکھتا ہوں آنسو پسِ غُبارِ غزل


لگا کے میرے قلم پر روایتوں کی حدود

رکھے ہے پا بہ سلاسل مجھے حصارِ غزل


فلک نے جب ہمیں دیکھا ہے مضطرب یارو

اُتر ہی آئی ہے دل پر کوئی ہمارے غزل


نزولِ حرف و معانی پہ کون قادر ہے

سو کرتا رہتا ہے اشعؔر بھی انتظارِغزل


No comments:

Design & Content Managers

Design & Content Managers
Click for More Justuju Projects